کینیڈین ہائی کمشنر کی وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک سے ملاقات, پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعاون پر گفتگو

19

اسلام آباد، 13 نومبر 2025: وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک سے آج کینیڈا کے ہائی کمشنر برائے پاکستان، طارق علی خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان جاری تعاون اور مستقبل کی شراکتی ترجیحات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ہائی کمشنر طارق علی خان نے خیبر پختونخوا کے علاقے وانا میں کیڈٹ کالج پر حالیہ افسوسناک حملے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور خطے میں امن و استحکام کی خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کینیڈین کینولا آئل کی درآمد کے عمل میں تعاون فراہم کرنے پر وفاقی وزیر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے عالمی ماحولیاتی مباحثے میں کینیڈا کے کردار کو سراہا اور کہا کہ توانائی کے شعبے میں کینیڈا کی متوازن پالیسی پاکستان کے لیے ایک اہم ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔وفاقی وزیر نے ہائی کمشنر کو پاکستان میں گرین کلسٹرز کے قیام سے متعلق سرکاری منصوبے سے بھی آگاہ کیا، جس کا مقصد نوجوانوں کی جدت طرازی، گرین اسٹارٹ اپس، اور سبز معیشت کی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

دونوں فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور کینیڈا باہمی تعاون، صاف توانائی کے فروغ، اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے رابطوں کو مزید مضبوط بنائیں گے۔