گندم کی بروقت کاشت غذائی سلامتی کیلئے ناگزیر، حکومت پنجاب کے خصوصی اقدامات جاری

18

ملتان،01 نومبر(اے پی پی ): حکومت پنجاب کی جانب سے گندم کی بروقت اور زیادہ سے زیادہ رقبے پر کاشت کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو کی صدارت میں گندم اگاؤ مہم کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے سیمینار میں شریک کاشتکاروں سے ملاقات کرتے ہوئے گندم کی کاشت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔سیمینار میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب عبدلجبار، رانا اعجاز نون سمیت سیاسی اکابرین اور کثیر تعداد میں کاشتکاروں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پنجاب اور ملک کی غذائی سلامتی کے لیے گندم کی بروقت کاشت ناگزیر ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے میں زراعت کے شعبے میں حقیقی انقلاب آرہا ہے۔ کاشتکاروں کو کسان کارڈ کے ذریعے بلاسود زرعی قرضے فراہم کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 20 نومبر تک موسم گندم کی کاشت کے لیے انتہائی موزوں ہے، کاشتکار تصدیق شدہ بیج اور منظور شدہ اقسام کے استعمال کو لازمی بنائیں۔ ضلع ملتان میں ساڑھے 4 لاکھ ایکڑ رقبے پر گندم کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ صوبہ پنجاب میں ایک کروڑ 65 لاکھ ایکڑ، اور ملتان ڈویژن میں 17 لاکھ 76 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کاشت کرنے کے اہداف طے کیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گندم کی بہتر پیداوار کیلئے حکومت پنجاب کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔