اسلام آباد: 6 نومبر (اے پی پی) :وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے یومِ شہدائے جموں کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ان کشمیریوں کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے جنہوں نے اپنے حق کے لیے جدوجہد کی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ ایک طویل تاریخ رکھتا ہے اور اس پر بین الاقوامی سطح پر مسلسل توجہ ک ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ دنیا کے سامنے کشمیری عوام کی جدوجہد کو اجاگر کیا جائے تاکہ خطے میں پائیدار امن اور ترقی کو فروغ مل سکے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن، استحکام اور خطے میں ہم آہنگی کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے حوصلے اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جو اپنے بہتر مستقبل کے لیے پُرامن کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر خطے میں امن، ترقی اور تعاون کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ مسئلہ کشمیر کو مثبت انداز میں اجاگر کیا جائے تاکہ تمام فریقین کے لیے قابلِ قبول اور پائیدار حل سامنے آ سکے۔











