لندن، 6 نومبر(اے پی پی):وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے برطانیہ کے منسٹر آف اسٹیٹ برائے تجارتی پالیسی کرس برائنٹ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ اور معاشی تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
احسن اقبال نے گفتگو کے دوران حکومت کی گزشتہ تین سالوں میں معاشی استحکام اور ترقی کے لیے کی گئی اصلاحات سے برطانوی وزیر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی میں کمی اور معیشت اب ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان گہرے ثقافتی تعلقات اور مضبوط عوامی روابط موجود ہیں، جنہیں مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، جب کہ اس وقت دوطرفہ تجارت کا حجم ساڑھے پانچ ارب پاؤنڈ تک پہنچ چکا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹریڈ ڈائیلاگ میکانزم کے تحت قائم تین ورکنگ گروپس کو فوری طور پر فعال کیا جائے تاکہ عملی پیش رفت ممکن ہو۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کے نوجوان اور ہنر مند ٹیکنالوجی ماہرین ہیں، جبکہ ڈیپ ٹیک تعاون دونوں ممالک کی معیشتوں کو جدید بنیادوں پر جوڑ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیشن، فنون، ڈیزائن اور سیاحت عوامی روابط کو مضبوط بنانے کے مؤثر ذرائع ہیں۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔











