اسلام آباد، 31 دسمبر (اے پی پی ): اسلام آباد میں شاہین چوک انڈر پاس پراجیکٹ ریکارڈ مدت میں مکمل ہو گیا ہے اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسے ٹریفک کے لئے کھول دیا ہے۔
انہوں نے پراجیکٹ کے اعلیٰ معیار کو سراہا اور پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس منصوبے کو وقت سے قبل مکمل کرنے پر پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور اسے ایک عظیم کامیابی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 18 ترقیاتی منصوبے 15 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیے گئے ہیں اور آئندہ سال دگنی تعداد میں ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ اسلام آباد میں عالمی معیار کا خوبصورت ترین کرکٹ سٹیڈیم بنایا جائے گا، جس کے منصوبے کا باقاعدہ اشتہار جاری کیا جا چکا ہے۔
وزیر داخلہ نے گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگانے کی تاریخ میں 15 روز کی توسیع کا اعلان کیا، جس کا تفصیلی اعلان وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری کریں گے۔











