اسلام آباد،17 دسمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال کے افکار اور فلسفہ آج کے دور میں بھی انتہائی اہم اور قابلِ رہنمائی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یومِ اقبال کے موقع پر نیشنل لینگویج پروموشن ڈیپارٹمنٹ (این ایل پی ڈی) کے زیرِ اہتمام منعقدہ قومی کانفرنس “فکرِ اقبال: دورِ حاضر میں ضرورت و اہمیت” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ آج کی نوجوان نسل بڑی حد تک علامہ اقبال کے فلسفے، وژن اور امتِ مسلمہ کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی جدوجہد سے ناواقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کا پیغام صرف ہمارے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ہے، اور ہمیں ان کے افکار و تعلیمات سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔
اورنگزیب خان کھچی نے مرحوم سینیٹر عرفان صدیقی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نیشنل لینگویج پروموشن ڈیپارٹمنٹ جیسے اداروں کے استحکام اور فروغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں، اور انہی کی کاوشوں کے باعث یہ ادارے آج بھی اپنا مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔











