وزارتِ مذہبی امور میں یونیسیف ، اسلامک ریلیف پاکستان  کے زیر اشتراک بین المذاہب رہنماوں سے  مشاورتی اجلاس

26

اسلام آباد ، 17 دسمبر(اے پی پی) : تحفظ اطفال کی آگہی کی کوششوں میں مذہبی رہنماوں کی شمولیت سے خاطر خواہ نتائج حاصل ہوں گے۔ یہ بات وفاقی سیکرٹری مذہبی امور  و بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر سیدعطا الرحمان نے وزارتِ مذہبی امور میں یونیسیف ، اسلامک ریلیف پاکستان  کے زیر اشتراک بین المذاہب رہنماوں سے  مشاورتی اجلاس کی صدارت کی موقع پر کہی۔

سیکرٹری مذہبی امور نے تحفظ اطفال فورم  کے ذریعے حاصل ہونے والے تجاویز کو سراہا اور کہا کہ معاشرے میں مثبت تبدیلی مذہبی طبقوں  کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ ہم سب کو مل بیٹھ کر مکالمے کے ذریعے اپنے مسائل کا حل اور اصلاح معاشرہ کی کوشش کرنا ہو گی۔

 چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب نعیمی نے کہا کہ زینب کیس کے بعد بچوں پر جسمانی، جنسی اور ذہنی تشدد کے انسداد اور قانون سازی کے حوالے سے کونسل نے متعدد سفارشات جاری کی ہیں ۔ ایک وقت تھا جب ایک محلے کے بڑے بزرگ تمام بچوں  کی یکساں نگرانی رکھتے تھے۔

 اجلاس میں بچوں کی تعلیم و تربیت، تحفظ، جذباتی و ذہنی نشوونما کے لیے والدین  اور اساتذہ کی آگاہی کی اہمیت،  بچوں کی مشقت، کم عمری کی شادیوں کے محرکات پر بات کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا ۔