اقتصادی رابطہ کمیٹی نے موبائل سپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری دے دی، ڈیجیٹل پاکستان کی ترقی کی جانب اہم قدم

12

اسلام آباد، 23 دسمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے موبائل سپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے منگل کو وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ فیصلہ پاکستان کے ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کو آگے بڑھانے کے لئے ایک اہم قدم ہے، جس کے تحت انٹرنیٹ کی سپیڈ اور رسائی میں اضافہ کیا جائے گا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ موبائل سپیکٹرم کی نیلامی نہ ہونے کی صورت میں حکومت کو مالی نقصان ہو رہا تھا۔ اس نیلامی کے ذریعے پاکستان کو نہ صرف مالی فائدہ ہوگا بلکہ اس کے نتیجے میں تھری جی اور فور جی سروسز کے معیار میں بھی بہتری آئے گی۔ مزید برآں، پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے عمل میں بھی تیزی آئے گی۔

 وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے پریس کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے سپیکٹرم آکشن کمیٹی کی سفارشات کو منظور کر لیا ہے۔ انٹرنیٹ کی سپیڈ کو عالمی معیار کے مطابق لانے اور اس کی رسائی کو بڑھانے کے لیے سپیکٹرم کی نیلامی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے یہ سب سے بڑی سپیکٹرم آکشن ہو گی۔

شزہ فاطمہ نے مزید کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ جنوری کے آخر یا فروری کے پہلے ہفتے تک سپیکٹرم آکشن مکمل کر لیا جائے، اور اس عمل کے ذریعے پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی کی متعارف کرانے کی راہ ہموار ہو گی۔ اس کے ساتھ ساتھ، پاکستان میں پانچ سال تک 100 ایم بی پی ایس کنکٹیویٹی حاصل کرنے کی توقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت پاکستان کی 24 کروڑ آبادی 274 میگاہرٹز سپیکٹرم پر آپریٹ کر رہی ہے، جسے بہتر بنانے کے لئے 600 میگاہرٹز سپیکٹرم کی آکشن کی جا رہی ہے۔ اس سے نہ صرف انٹرنیٹ سروسز کی سپیڈ بہتر ہوگی بلکہ فائیو جی ٹیکنالوجی بھی متعارف ہو جائے گی۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کو تیز کر رہی ہے اور اس کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موبائل سپیکٹرم کی نیلامی سے پاکستان کی مالی پوزیشن میں بہتری آئے گی اور اس سے ملک کے ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔