رائل بحرین نیول فورس کے کمانڈر ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم ال بن علی کا نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ ، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات

9

راولپنڈی۔23دسمبر  (اے پی پی):رائل بحرین نیول فورس کے کمانڈر ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم ال بن علی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔

آئی ایس آپی آر سے جاری بیان کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ پاکستان نیوی کے چاق و چوبند دستے نے بحرین  نیول فورس کے کمانڈر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم ال بن علی نے شہداء یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاکستان نیوی کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی بحری سلامتی کی صورتحال اور دو طرفہ بحری تعاون کے فروغ کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں جانب سے پیشہ وارانہ روابط اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط اور دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے اور خطے میں امن و استحکام  کے فروغ کے لئے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔