اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اقلیتی برادری ملکی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، عطاء اللہ تارڑ

17

اسلام آباد۔17دسمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے بین المذاہب ہم آہنگی کو مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اقلیتی برادری ملکی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، مسلمانوں اور مسیحیوں کی مشترکہ اخلاقی اور انسانی اقدار کو اجاگر کرکے قومی یکجہتی کو مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں نیشنل پریس کلب میں منعقدہ کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مسیحی برادری کی جانب سے پاکستان کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے شاندار خدمات کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں اپنے مشترکہ پہلوئوں کو اجاگر کر کے ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہئے۔ انہوں نے   کہا کہ ہم حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو     اپنا پیغمبر مانتے ہیں، آج بھی جب ہم حضرت مریم علیہ السلام کا واقعہ پڑھتے ہیں تو ہماری آنکھیں نم ہو جاتی ہیں، ہم ان کی امن اور رحمت کی تعلیمات سے گہرے اسباق حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشترکہ اقدار ہیں جنہیں ہم مانتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ یہ ملک امن کا گہوارہ ہے، گزشتہ دنوں پاک فوج کے جوان ہارون ولیم نے جام شہادت نوش کیا، ان کی آخری رسومات میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ جب شہید کا جسد خاکی سبز پرچم میں آتا ہے تو رنگ و نسل مذہب سے ہٹ کر اس کی عزت و تکریم ہوتی ہے، جو خدمات اور قربانیاں مسیحی برادری نے پاکستان کے لئے دی ہیں وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے 25 دسمبر کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن نہ صرف کرسمس بلکہ بانی پاکستان محمد علی جناح کی سالگرہ کا بھی موقع ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وزارت اطلاعات اس موقع پر ہونے والی تقریبات میں بھرپور شرکت کرے گی۔ انہوں نے نیشنل پریس کلب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کرسمس کے موقع پر اپنے حلقہ انتخاب میں کرسمس بازار لگائے تھے اور اس ہفتے بھی دو کرسمس بازار لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں بھی اس پر عمل کیا جائے، جب رمضان بازار لگتا ہے تو کرسمس بازار بھی لگنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس امن کا پیغام ہے، پوری دنیا میں مسیحی برادری کرسمس تہوار مناتی ہے۔ حکومت پاکستان اور وزارت اطلاعات کرسمس کی خوشیوں میں مسیحی برادری کے ساتھ ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پریس کلب میں بھی ایک میلہ منعقد کیا جائے جس سے نہ صرف عوام لطف اندوز ہوں بلکہ میڈیا میں بھی اس کی رونق ہوگی۔ انہوں نے پاکستان میں مسیحی تعلیمی نظام کو سراہتے ہوئے فارمن کرسچن کالج کے سابق طلبہ کا ذکر کیا جنہوں نے وہاں سے تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان اداروں کی عظمت دوبارہ بحال ہوگی اور ان کے لئے مسیحی بورڈ آف ڈائریکٹرز مقرر کئے جائیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پریس کلب کے نمائندوں اور دیگر مقررین نے کہا کہ ملکی ترقی میں شریک مسیحی برادری کے لئے کرسمس کے موقع پر پریس کلب کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے تقریب کا انعقاد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کا مقصد مسیحی برادری کی خوشیوں میں شرکت کے ساتھ ساتھ پاکستان کے لئے ان کی قربانیوں کو عوام سے روشناس کروانا ہے۔

تقریب میں بچوں نے کرسمس کے حوالے سے گیت اور پرفارمنسز بھی پیش کیں۔ تقریب کے اختتام پر وزیر اطلاعات کو مسیحی برادری کے لئے خصوصی اقدامات پر شیلڈ پیش کی گئی۔

 تقریب میں موجود دیگر شرکاء کو اپنی فیلڈ میں گراں قدر خدمات پر شیلڈ پیش کی گئیں۔ تقریب میں پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر کرسمس کیک بھی کاٹا گیا۔