پاکستان اور تاجکستان کے وزرائے ثقافت کا ثقافتی تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

13

اسلام آباد، 17 دسمبر(اے پی پی) : وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت، اورنگزیب خان کھچی نے جمہوریہ تاجکستان کے ثقافتی وفد کے پہلے سرکاری دورے کے موقع پر پرتپاک اور باوقار استقبال کیا۔ تاجکستان کے وفد کی قیادت وزیر ثقافت، ستوریون متلوباخون امونزود کر رہی تھیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے ثقافت و ورثہ، حذیفہ رحمان، وفاقی سیکریٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اسد رحمان گیلانی، سینئر سرکاری افسران، سفارت کار، فنکار اور معروف ثقافتی اداروں کے نمائندگان پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں موجود تھے۔

استقبالیہ خطاب میں وفاقی سیکرٹری نے پاکستان اور تاجکستان کے مابین تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی روابط کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تاجکستان کے ساتھ دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی روابط باہمی افہام و تفہیم اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

مقررین نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں ثقافتی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فنونِ لطیفہ، موسیقی، ادب اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے ذریعے تعاون کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

دورے کے دوران وفد نے پی این سی اے میں خطاطی اور فنونِ لطیفہ کی نمائش کا دورہ کیا، جہاں پاکستان کے بھرپور فنی ورثے اور فن پاروں میں جھلکتی مشترکہ ثقافتی اقدار کو سراہا گیا۔