اڑان پاکستان کے وژن کے تحت قوم کو اجتماعی کاوش، اتحاد اور مستقل مزاجی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا ،احسن اقبال

14

اسلام آباد۔25دسمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ اُڑان پاکستان کے وژن کے تحت قوم کو اجتماعی کاوش، اتحاد اور مستقل مزاجی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا تاکہ پاکستان کو سماجی اور معاشی ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے،پاکستان کی تعمیرِ نو بانیٔ پاکستان قائدِاعظم محمد علی جناح کے سنہری اصولوں کے مطابق کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

قائدِاعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر کنونشن سنٹر میں منعقدہ  ‘‘قائد کا پاکستان ۔اڑان پاکستان’’تقریب سے خطاب کر تے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی 77 سالہ تاریخ کامیابیوں اور مشکلات دونوں پر مشتمل ہے تاہم ہر چیلنج کو ترقی اور استحکام کی نئی راہوں کی طرف بڑھنے کا ذریعہ بنایا جانا چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ تعلیم، صحت، خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا نیز جدّت، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ایک مضبوط، خودانحصار اور خوشحال پاکستان کی بنیاد ہے۔پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ  24 کروڑ پاکستانی جس آزادی، سلامتی اور شناخت سے بہرہ مند ہیں وہ ایک عظیم شخصیت قائدِاعظم محمد علی جناح کی بے مثال جدوجہد اور مدبرانہ قیادت کا نتیجہ ہے۔

وفاقی وزیر نے قائدِاعظم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کی بنیاد خودمختاری، آزادی اور قومی وقار کے اصولوں پر رکھی اور کسی بھی نوآبادیاتی سمجھوتے کو قبول نہیں کیا۔آخر میں وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی نے قوم سے اپیل کی کہ وہ قائدِاعظم کے مشن کو اپنائے، ان کے افکار سے رہنمائی حاصل کرے اور جرات، اتحاد اور عزم کے ساتھ اُڑان پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہناتے ہوئے پاکستان کو ایک مضبوط، ترقی یافتہ اور باوقار ملک بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔