ایوان صدر میں پروقار تقریب:  صدر پاکستان  آصف علی زرداری نے انڈونیشیا کے صدر کو نشانِ پاکستان سے نوازا

11

اسلام آباد،9 دسمبر(اے پی پی): ایوانِ صدر میں انڈونیشیا کے صدرپرابووو سوبیانتو کے اعزاز میں ایک خصوصی اعزازی تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر پاکستان آصف علی زرداری نے انہیں ملک کے سب سے بڑے سول اعزاز نشانِ پاکستان سے نوازا۔

تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور اعلیٰ عسکری قیادت نے شرکت کی۔

اس پروقار تقریب کے بعد صدر پاکستان اور انڈونیشیا کے صدر کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تاریخی تعلقات، مشترکہ اقدار اور دیرینہ خیرسگالی پر مکمل اتفاق کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے مستقبل کی شراکت داری کو جامع ترقی کے اصولوں پر استوار کرنے کا فیصلہ کیا۔

صدر پاکستان نے حالیہ سوماترا کے سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انڈونیشیا کے متاثرین کے لیے دعائے مغفرت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ دونوں صدور نے بین المذاہب ہم آہنگی اور برداشت کے فروغ کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

دوطرفہ تجارت میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا تاہم تجارت میں توازن اور تنوع پر زور دیتے ہوئے مشترکہ تجارتی کمیٹی کو کاروباری روابط بڑھانے کا مؤثر فورم قرار دیا گیا۔ یہ بھی اتفاق کیا گیا کہ آئی ٹی، زراعت، توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، موسمیاتی تبدیلی، آفات سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا گیا۔ دونوں ممالک نے دفاعی تعاون مضبوط بنانے، تربیت اور مشترکہ پیداوار بڑھانے پر بھی اتفاق کیا اور اسلاموفوبیا کے خلاف مشترکہ کوششوں کا عزم کیا۔

صدر پاکستان نے خطے میں امن اور ترقی کی ضرورت پر زور دیا اور انڈونیشیا کے صدر کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ دونوں ممالک کے وزراء، اعلیٰ حکام اور عسکری قیادت نے توسیعی ملاقات میں شرکت کی جبکہ بعد ازاں انڈونیشیا کے صدر کے اعزاز میں ایوانِ صدر میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔