برینیاکس اسکول میں سالانہ سالانہ پیرنٹس ڈے  کی  تقریب منعقد

16

‎ اسلام آباد، 6 دسمبر ( اے پی پی): برینیاکس اسکول میں  سالانہ پیرنٹس ڈے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

‎وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ برینیاکس اسکول نہ صرف معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے بلکہ بچوں کی کردار سازی اور شخصیت کی تعمیر میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ڈال رہا ہے۔

‎انہوں نے والدین کو قوم کے حقیقی معمار قرار دیتے ہوئے کہا کہ والدین کی محنت، دعائیں اور قربانیاں بچوں کی کامیابی کا راستہ بناتی ہیں۔ بچوں کی پہلی ذمہ داری اپنے والدین کی عزت، ادب اور خدمت ہے۔ انہوں نے  کہا کہ بچوں کی کامیابی میں والدین، اساتذہ اور اداروں کی مشترکہ محنت شامل ہوتی ہے۔ اساتذہ نئی نسل کی فکری و اخلاقی تربیت میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں اور یہ قوم کے روشن چراغ ہیں۔

‎طلبہ و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے وزیرِ ریلوے نے کہا کہ آپ پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ بڑے خواب دیکھیں، محنت کریں اور دنیا میں اپنے ملک کا نام روشن کریں۔

‎ملکی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پاکستان بین الاقوامی سطح پر باوقار اور مستحکم ملک کے طور پر سامنے آ رہا ہے، جو موجودہ قیادت کی موثر حکمتِ عملی اور کامیاب خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے۔

‎ریلوے میں جاری اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے کے ڈھانچے کی بحالی و جدید کاری، جدید ٹریکنگ اور بُکنگ نظام، اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن، مسافروں کے لیے سہولیات میں بہتری، مالی خود کفالت کے منصوبے اور ملازمین کی فلاح کے پروگراموں پر دن رات کام جاری ہے تاکہ پاکستان ریلوے کو جدید، مؤثر اور عوام دوست ادارہ بنایا جا سکے۔

‎انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ریلوے ملازمین کے بچوں کے لیے معیاری تعلیم یقینی بنانے کے لیے ریلوے اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے تحت جدید تدریسی نظام، سائنسی و کمپیوٹر لیبارٹریاں، معیاری کھیلوں کی سہولیات اور محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے گا۔تقریب کے اختتام میں  انہوں نے وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی اور استحکام کی دعا کی۔