ملتان کے نئے ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے عہدے کا چارج سنبھال لیا، ضلعی محکموں کی کارکردگی کا فوری جائزہ

13

ملتان 7 دسمبر (اے پی پی ):ضلع ملتان کے نئے ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔ چارج سنبھالتے ہی انہوں نے ضلعی محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں ضلعی ترقیاتی منصوبوں، بیوٹیفکیشن پلانز اور انفراسٹرکچر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابوبکر، سی ای او ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عابد حسین بھٹی سمیت دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اس خطے کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہیں، اسی وژن کے تحت ملتان کی تعمیر و ترقی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہرِ اولیاء کی خدمت اور بہتری کا عزم لے کر ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری ادارے بہتر سروس ڈیلیوری کے ذریعے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں، جبکہ ناقص کارکردگی پر سخت احتساب کیا جائے گا۔مزید برآں، انہوں نے ضلعی محکموں کی کارکردگی جانچنے کے لیے مانیٹرنگ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ بھی کیا، تاکہ تمام ترقیاتی اور انتظامی امور کی شفاف نگرانی یقینی بنائی جاسکے۔