تعلیمی اداروں میں قومی زبان کا فروغ وقت کی ضرورت ہے، خواجہ محمد آصف

18

سیالکوٹ۔13دسمبر  (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں قومی زبان کا فروغ وقت کی ضرورت ہے،اساتذہ  طلبہ و طالبات کو اپنی قومی زبان میں بات کرنا سیکھائیں کیونکہ تعلیم کا اہم مقصد نوجوان نسل کو اپنی شناخت دینا بھی ہوتا ہے  ۔

یہ بات انہوں نے سنٹر آف ایکسیلنس دانش گرلز سکول سیالکوٹ میں گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والی طالبات کے اعزاز میں منعقدہ خصوصی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے کہی۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ قومی زبان ہی ہماری  شناخت، تہذیب اور ثقافت کی نمائندہ ہے اور تعلیم کی مدد ہی سے اپنی نسل کو اس کی پہچان دے سکتے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ طلبہ کو قومی زبان میں شاعری، کہانیاں اور حکایات سنائی جائیں تاکہ ان کے دلوں میں پاکستانیت اور قومی تشخص اجاگر ہو۔ انہوں نے پنجابی زبان کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ علاقائی زبانیں ہماری ثقافتی وراثت ہیں اور انہیں بھی مناسب اہمیت دی جانی چاہئے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ تعلیم ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے اور دانش سکول جیسے ادارے اس بات کا عملی ثبوت ہیں کہ حکومت معیاری اور یکساں تعلیمی مواقع کی فراہمی کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس درسگاہ میں آ کر انہیں اپنا بچپن یاد آ گیا کیونکہ ان کا آبائی گھر بھی اسی محلے میں واقع ہے۔ تقریب میں  گوجرانوالہ بورڈ میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والی طالبات میں انعامات اور اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ طالبات نے مختلف موضوعات پر خوبصورت ٹیبلوز بھی پیش کیے جنہیں شرکاء نے بھرپور سراہا۔