حقوق اور انصاف کے اصولوں  کا اطلاق بلا امتیاز ہو نا چاہیے ، مصدق ملک

14

ریاض، 15 دسمبر ( اے پی پی): اقوامِ متحدہ کے اتحادِ تہذیبوں کے 11ویں عالمی فورم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ حقوق اور انصاف کے اصولوں کا اطلاق بلا امتیاز ہونا چاہیے۔

 انہوں نے واضح کیا کہ خواتین، اقلیتوں اور ماحولیاتی اور بچوں کے حقوق بنیادی اور ناقابلِ تردید ہیں۔ فلسطینیوں اور کشمیریوں کے حقوق بھی اتنی ہی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام بھی اقلیتوں میں شمار ہوتے ہیں اور انہیں وہی حقوق ملنے چاہئیں جو دنیا بھر میں دیگر اقلیتوں کو حاصل ہیں۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے پانی کے حقوق کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ بالائی دریا کنار ممالک کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ زیریں دریا کنار ممالک کے حقوق کا احترام کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پانی کے منصفانہ اور منظم استعمال کے بغیر علاقائی استحکام، پائیدار ترقی اور انسانی سلامتی ممکن نہیں۔

اپنے خطاب کے اختتام پر وفاقی وزیر نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے اتحادِ تہذیبوں کے قیام کے 20 سال مکمل ہونا اس بات کی یاد دہانی ہے کہ دنیا کو مکالمے، امن، ہم آہنگی اور باہمی احترام کے اصولوں کے لیے ازسرِنو عزم کرنا ہوگا۔

فورم “UNAOCانسانیت کے لیے مکالمے کے دو عشرے” کے عنوان کے تحت منعقد ہوا، جس میں اقوامِ متحدہ کے اتحادِ تہذیبوں کے قیام کے 20 سال مکمل ہونے کا بھی جشن منایا گیا۔ فورم میں عالمی رہنماؤں، پالیسی سازوں، ماہرینِ تعلیم اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔