تعلیمی بورڈ ملتان کے زیراہتمام انٹر کالجیٹ گرلز ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ اختتام پذیر،پنجاب کالج ملتان کامیاب

29

ملتان، 02 دسمبر (اے پی پی):تعلیمی بورڈ ملتان کے زیراہتمام انٹر کالجیٹ گرلز ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی۔ لیگ کی بنیاد پر کھیلی گئی اس چیمپئن شپ میں پنجاب کالج ملتان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پانچوں میچز جیت کر ناقابلِ شکست اعزاز کے ساتھ چیمپئن ٹرافی اپنے نام کر لی۔

سٹارز کالج نے پانچ میں سے چار میچز جیت کر رنر اپ پوزیشن حاصل کی، جبکہ گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج خانیوال نے تین فتوحات کے ساتھ تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ایونٹ میں گورنمنٹ گرلز کالج بوریوالہ چوتھی اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج 14 نمبر چونگی پانچویں پوزیشن پر رہی۔

چیمپئن شپ کی میزبانی سٹارز کالج نے کی جہاں کالج کی پرنسپل وفا عظیم نے شرکاء کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا۔

تعلیمی بورڈ ملتان کے آفیسر سپورٹس انچارج ملک نثار نے ایونٹ کے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ادھر پنجاب گروپ آف کالجز کے نمائندہ اسامہ بشیر نے اپنی ٹیم کی کامیابی کو ادارے کی مضبوط اسپورٹس سپورٹنگ پالیسی کا تسلسل قرار دیا۔