اسلام آباد،17 دسمبر(اے پی پی):وزیر صحت مصطفٰی کمال نے کہا ہے کہ حکومت ہیلتھ کیئر سسٹم میںجدت لا رہی ہے، ہیلتھ کیئر اسپتال کے باہر سے شروع ہوتی ہے، ہمیں احتیاطی تدابیر اور بیماریوں سے بچاؤ پر توجہ دینا ہوگی۔
سکول آف ڈینٹسٹری شہید ذوالفقار بھٹو یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیر صحت مصطفٰی کمال نے کہا کہ ہمارے ہاں سیوریج سسٹم ٹریٹمنٹ کا تصور ہی نہیں ہے،آلودہ پانی کی وجہ سے ستر فیصد بیماریاں پیدا ہوتی ہیں، اگر صاف پانی میسر ہو تو اسپتالوں پر ستر فیصد مریضوں کا بوجھ کم ہو جائے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں، پولیو وائرس اب بھی پاکستان میں موجود ہے۔
وزیر صحت مصطفٰی کمال نے کہا کہ ہمیں سوچنا چاہیے کہ بیماریوں سے کیسے بچا جا سکتا ہے، ہمیں نئے اسپتال بنانے کی ضرورت ہے جبکہ اسپتالوں کی حالت بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ہمیں تربیت یافتہ ڈاکٹروں کی بھی ضرورت ہے۔











