سلامتی کونسل میں مشرقِ وسطیٰ پر بریفنگ کے دوران سفیر عاصم افتخار احمد کا فلسطین سے یکجہتی،اسرائیلی آبادکاریوں کی مذمت اور دو ریاستی حل پر زور

13

اقوامِ متحدہ، 17 دسمبر ( اے پی پی): سلامتی کونسل میں مشرقِ وسطیٰ پر بریفنگ کے دوران سفیر عاصم افتخار احمد نے فلسطین سے یکجہتی، اسرائیلی آبادکاریوں کی مذمت اور دو ریاستی حل پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے رفقا کے ساتھ مل کر سڈنی میں ایک مذہبی اجتماع پر ہونے والے اس بہیمانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ہم متاثرین کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کی تمام صورتوں اور مظاہر کی بلاامتیاز اور دوٹوک مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کئی دہائیوں سے غیر قانونی قبضے کا سامنا کر رہے ہیں، جو ان کی بے دخلی اور ان کے ناقابلِ تنسیخ حقوق سے انکار سے عبارت ہے۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران یہ اذیت غزہ میں غیر معمولی حد تک بڑھ چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ستر ہزار سے زائد فلسطینی، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے، جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جبکہ بستیاں تباہ اور بنیادی نظام مفلوج ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مایوس کن زمینی حقائق کے باوجود، عالمی برادری نے امن کے امکان کو برقرار رکھنے کی کوشش کی۔ جولائی میں منعقدہ اعلیٰ سطحی کانفرنس اور جنرل اسمبلی کی جانب سے نیویارک اعلامیے کی توثیق نے دو ریاستی حل کو بحال کرنے کے لیے ایک کثیرالجہتی راستہ متعین کیا۔

عاصم افتخار نے مزید کہا کہ پاکستان کا مؤقف اصولی اور مستقل رہا ہے۔ مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کا خاتمہ ناگزیر ہے، اور فلسطینی عوام کو یہ موقع فراہم کیا جانا چاہیے کہ وہ ایک آزاد اور خودمختار ریاستِ فلسطین کے قیام کے ذریعے اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خود ارادیت کا استعمال کر سکیں۔