سوات،30دسمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم لیپ ٹاپ اسکیم نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا ایک تاریخی اور وژنری منصوبہ ہے جو مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر جاری ہے، خواتین کی تعلیم حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، سوات یونیورسٹی کا جدید ویمن کیمپس طالبات کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یونیورسٹی آف سوات میں وزیرِاعظم لیپ ٹاپ اسکیم کی تقسیم کی تقریب اور سوات یونیورسٹی ویمن کے نئے کیمپس کے باقاعدہ افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر انھوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل میاں محمد نواز شریف کے تعلیمی وژن کا عملی ثبوت ہے جس کا مقصد ملک بھر میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ محض ایک آلہ نہیں بلکہ ایک وژن ہے جو نوجوان نسل کو جدید تعلیم، تحقیق اور ٹیکنالوجی سے جوڑتا ہے. انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا حکومت بھی ایسے ترقیاتی اور تعلیمی منصوبوں میں مقابلے کی فضا پیدا کرے. انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے تعلیمی منصوبوں میں 50 فیصد تعاون کےلیے تیار ہے، طلبہ کو میرٹ پر لیپ ٹاپ فراہم کیے جاتے رہیں گے، جبکہ اساتذہ کو بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے مواقع دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔











