اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان آج ترقی کے جس راستے پر گامزن ہے اس میں اتحادی جماعتوں کا کردار قابل تحسین ہے، جن میں وہ جماعتیں بھی شامل ہیں جو کابینہ کا حصہ نہیں مگر غیرمشروط طور پر وفاقی حکومت کی حمایت کر رہی ہیں تاکہ ملک مشکلات سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
مسلم لیگ (ن) کے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے کچھ سیاسی عناصر ایسے بھی ہیں جو پاکستان کی ترقی اور استحکام کے دشمن بن چکے ہیں، یہ عناصر اس بیانیے کو فروغ دے رہے ہیں ، جو دراصل ملک دشمن سوچ کا عکاس ہے۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو سب سے زیادہ داخلی استحکام، سیاسی مضبوطی اور معاشی استقامت کی ضرورت ہے، مگر پاکستان تحریک انصاف اور اس کی قیادت مسلسل ریاستی نظام کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر ہونے والے احتجاج، ہنگامہ آرائی اور میڈیا ڈرامے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، احسن اقبال، رانا ثناء اللہ اور سعد رفیق سمیت کئی رہنما جیلوں میں رہے مگر کبھی جیلوں کے باہر انتشار یا بدنظمی دیکھنے میں نہیں آئی، کیونکہ ہم نے ہمیشہ جیل قوانین اور نظم و ضبط کا احترام کیا۔
وفاقی وزیر نے خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی تیسری مدت حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہاں عوامی فلاح، انفراسٹرکچر اور ترقیاتی منصوبے مکمل طور پر نظرانداز کیے گئے ہیں جبکہ نمائشی سیاست اور شوٹنگ لاہور کی سڑکوں پر کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پر چڑھائی کر کے احتجاج کے نام پر شہریوں کے آئینی حقوق سلب کئے گئے جس سے عام لوگوں کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔
انہوں نے واضح کیا کہ احتجاج آئینی حق ہے مگر اس کی آڑ میں ریاستی نظام کو یرغمال بنانا ناقابل قبول ہے۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بیرون ملک بیٹھے سوشل میڈیا ہینڈلرز پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مخالف بیانیہ، اداروں اور دفاعی قیادت کے خلاف منفی پروپیگنڈا دراصل بھارت کے بیانیے کو تقویت دے رہا ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت کی کوششوں کو آج عالمی میڈیا تسلیم کر رہا ہے، ٹیلی گراف، فنانشل ٹائمز، فارن پالیسی اور دیگر بین الاقوامی جریدے پاکستان کی سفارتی، معاشی اور سکیورٹی کامیابیوں کو نمایاں طور پر اجاگر کر رہے ہیں۔
انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو ملکی استحکام کا ضامن قرار دیا۔انہوں نے دعا کی کہ آنے والا سال پاکستان کے لیے مزید کامیابیوں، ترقی اور استحکام کا سال ثابت ہو اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) اپنی قیادت کے شانہ بشانہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے دن رات کام کرتی رہے گی۔











