سائبان پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی اور سماجی یکجہتی کے فروغ کی ایک قومی کوشش ہے،پروفیسر احسن اقبال

10

اسلام آباد، 30 دسمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے سائبانِ پاکستان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سائبان پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی اور سماجی یکجہتی کے فروغ کی ایک قومی کوشش ہے، جو معاشرے میں برداشت اور مکالمے کو آگے بڑھانے میں مدد دے گی۔

انہوں نے کہا کہ 2018 میں پیغامِ پاکستان کا اجرا کیا گیا تھا اور سائبان پاکستان اسی سوچ کے تحت قومی یکجہتی کو فروغ دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مختلف شعبوں میں نمائندگی حاصل ہے اور آئینِ پاکستان ہر شہری کو مذہبی آزادی فراہم کرتا ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق اُڑان پاکستان کے اہداف میں سماجی ہم آہنگی کو بھی اہمیت حاصل ہے، کیونکہ امن اور ہم آہنگی کے بغیر ترقی کا عمل مکمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں برداشت اور مکالمے کے فروغ کے لیے ایسے اقدامات وقت کی ضرورت ہیں۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ بین المذاہب مکالمہ پُرامن بقائے باہمی اور سماجی استحکام میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بانیٔ پاکستان نے تمام شہریوں کو برابر حقوق اور مذہبی آزادی کی ضمانت دی۔

تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے علما، سیاسی قیادت، میڈیا، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے کردار پر بھی زور دیا اور کہا کہ معاشرے میں برداشت، رواداری اور مثبت سوچ کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میثاقِ مدینہ باہمی احترام اور مذہبی آزادی کی ایک نمایاں مثال ہے اور ہمیں بھائی چارے اور یکجہتی پر مبنی پاکستان کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔