لاہور: 12 دسمبر (اے پی پی):سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے برطانیہ کی وزیرِ مملکت برائے عالمی ترقی بیرونس جینیفر چیپ مین اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے لاہور میں اہم ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، گرین کمپیکٹ تعاون اور پنجاب کے ماحولیاتی اصلاحاتی پروگرام پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے یوکے-پاکستان گرین کمپیکٹ کو مزید مضبوط بنانے اور اسے صوبائی سطح تک وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ مریم اورنگزیب نے برطانوی وزیر کو بسنت کے تہوار کے موقع پر لاہور آنے کی دعوت بھی دی۔ برطانوی وزیر برائے عالمی ترقی نے لاہور کے تاریخی ورثے، ثقافتی تنوع اور معاشی پوٹینشل کو سراہا جبکہ وفد کو پنجاب میں صحت، تعلیم، اچھی گورننس اور ڈیجیٹل شفافیت کے تحت جاری اصلاحات سے آگاہ کیا گیا۔ ملاقات کے دوران حالیہ سیلاب اور پنجاب کے بروقت پیشگی ردعمل پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ:”پنجاب اب قدرتی آفات میں صرف ردعمل کا منتظر نہیں بلکہ پیشگی منصوبہ بندی اور موثر حکمت عملی پر عمل کر رہا ہے۔” وزیراعلیٰ پنجاب کے تیز رفتار گورننس ماڈل کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “انتظامی مہارت پہلے سے موجود تھی، کمی صرف سمت اور فوکس کی تھی، جو موجودہ قیادت نے فراہم کر دی ہے۔” برطانوی وفد کو سموگ کے خلاف نئی حکمت عملی پر بریفنگ بھی دی گئی، جس میں گاڑیوں کے دھوئیں کے معائنے، بھٹوں کی تکنیکی اپ گریڈیشن اور اے کیو آئی مانیٹرنگ سسٹم کی بہتری شامل ہے۔ اس موقع پر اجلاس کے شرکاء نے لاہور کی فضائی آلودگی میں نمایاں کمی کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔ ثقافتی ورثے کی بحالی اور “Magnificent Punjab” ایپ پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جبکہ بیرونس چیپ مین نے پنجاب کی ثقافتی حفاظت اور بحالی کے اقدامات کو قابل ستائش قرار دیا۔ مریم اورنگزیب نے ملاقات کے اختتام پر برطانوی وزیر اور ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ:”گرین کمپیکٹ پنجاب میں معیشت، روزگار، گرین ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی کے نئے دروازے کھولے گا۔”











