حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 257 ملین ڈالر کے دو اہم معاہدوں پر دستخط

30

اسلام آباد، 12 دسمبر(اے پی پی ): حکومتِ پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان 257 ملین ڈالر مالیت کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے ۔جمعہ کو وزارت اقتصادی امور کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق ریسپانسیو، ریڈی اینڈ ریزیلینٹ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، میتھمیٹکس (سٹیم) سیکنڈری ایجوکیشن پروگرام  پنجاب، جس کی مالیت 107 ملین ڈالر ہے (جس میں 7 ملین ڈالر اے ڈی ایف گرانٹ شامل ہے)۔ پنجاب نرسنگ اور ہیلتھ ورکس فورس ریفارم پروگرام، جس کی مالیت 150 ملین ڈالر ہے۔

وزارتِ اقتصادی امور کے سیکرٹری محمد حمیر کریم نے اے ڈی بی کے قابلِ اعتماد ترقیاتی شراکت دار کے طور پر کردار اور پاکستان کے ترقیاتی اقدامات کی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ان اہم پروگرامز کے لیے رعایتی شرائط پر اے ڈی بی کی مالی معاونت کو سراہا، جو پنجاب صوبے میں طویل المدتی اور پائیدار سماجی ترقی، تعلیمی ضروریات اور صحت کی سہولیات کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گی۔

سیکرٹری نے حکومتِ پنجاب کی کوششوں کو بھی سراہا اور فنڈز کے بروقت اور مؤثر استعمال پر زور دیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ STEM سیکنڈری ایجوکیشن پروگرام 2026 سے 2030 تک پورے صوبے میں تعلیمی ماحول میں تبدیلی اور جامعیت کو یقینی بنانے کے لیے نہایت اہم ہے۔اسی طرح پنجاب نرسنگ پروگرام کا مقصد صوبے میں مستند نرسز کی تعداد میں اضافہ اور صحت کی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔ اس پروگرام کے تحت لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں تین سینٹرز آف ایکسی لینس بھی قائم کیے جائیں گے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے ان پروگرامز کے لیے حکومتِ پاکستان کے مضبوط عزم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے اہم شعبوں میں یہ دونوں پروگرام انسانی ترقی کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں پروگرام نتائج پر مبنی ہیں اور ان سے ان شعبوں کے مجموعی نظام میں بہتری آئے گی۔حکومتِ پنجاب کے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹریز نے بھی ان پروگرامز کے فوائد پر روشنی ڈالی اور اے ڈی بی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومتِ پنجاب ان پروگرامز کی بروقت اور کامیاب تکمیل کے لیے فراہم کردہ مالی وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنائے گی۔