سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانی کا اجلاس، متعلقہ وزارتوں کو تفصیلی رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت

9

اسلام آباد، 10 دسمبر (اے پی پی ): سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانی کا اجلاس بدھ کو  چیئرمین سینیٹر عبدالشکور خان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں مختلف وزارتوں کی جانب سے دی گئی پارلیمانی یقین دہانیوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

 وزیر صحت کی جانب سے 26 جنوری 2023 کو پمز ہسپتال میں گردوں کی پیوندکاری کے یونٹ کے قیام کی یقین دہانی سے متعلق کمیٹی کو بتایا گیا کہ بنیادی ڈھانچہ موجود ہے تاہم سینئر ماہرین کی ریٹائرمنٹ کے باعث یونٹ فعال نہیں ہوسکا جب کہ نئی تقرریوں کا معاملہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین نے آئندہ اجلاس میں ایف پی ایس سی کے نمائندوں کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

6 ستمبر 2023 کو سینیٹر انوشہ رحمان احمد خان کے غیر ملکی کوالیفائیڈ ڈاکٹروں کی پی ایم ڈی سی رجسٹریشن سے متعلق پوچھے گئے سوال پر دی گئی یقین دہانی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سینیٹر انوشہ رحمان نے تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا۔ چیئرمین نے وزارت کو اگلے اجلاس میں جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔

17 جنوری 2025 کو وزیرِ داخلہ کی جانب سے سینیٹر دنیش کمار کے سوال پر دی گئی یقین دہانی کا جائزہ لیا گیا، جس کا تعلق اسلام آباد کے سیکٹر I-12 میں الاٹیز کو پلاٹس کا قبضہ نہ ملنے اور  پی ایچ اے اپارٹمنٹس کے اردگرد ترقیاتی کاموں کی صورتحال سے تھا۔ چیئرمین نے چیئرمین سی ڈی اے کو بلانے اور دو روز قبل تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔

4 اگست 2022 کو سینیٹر کامران مرتضیٰ کے 4G سروسز سے متعلق سوال پر دی گئی یقین دہانی بھی زیرغور آئی جس میں بتایا گیا کہ USF نے مارچ 2025 میں ایبٹ آباد کے NG-BSD پراجیکٹ کا آغاز کیا ہے جو اکتوبر 2026 سے قبل مکمل ہو جائے گا۔

25 اکتوبر 2024 کے سینیٹ اجلاس میں فیڈرل اسپتالوں کی جانب سے لیب رپورٹس آن لائن نہ دینے سے متعلق یقین دہانی وزارت کی جانب سے تسلی بخش جواب دینے کے بعد نمٹا دی گئی۔

8 فروری 2022 کو سینیٹر مشتاق احمد کے HIV/AIDS مریضوں میں اضافے سے متعلق سوال پر دی گئی یقین دہانی کا جائزہ لیتے ہوئے وزارت نے بتایا کہ کیسز میں اضافہ حقیقی پھیلاؤ نہیں بلکہ ملک گیر اسکریننگ میں اضافے کا نتیجہ ہے۔ ملک بھر میں 94 ART سینٹرز فعال ہیں، جواب کے بعد یہ معاملہ نمٹا دیا گیا۔

25 اکتوبر 2024 کو سینیٹر آغا شہزادب درانی کے پمز میں کینسر اسپتال کے قیام سے متعلق سوال پر وزارت نے آگاہ کیا کہ منصوبہ 30 جون 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ چیئرمین نے سی ڈی اے اور پلاننگ ڈویژن کے نمائندوں کو اگلے اجلاس میں طلب کیا۔

10 نومبر 2023 کو وزیرِ ہوابازی کی جانب سے تین پاکستانی ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق سوال پر دی گئی یقین دہانی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزارتِ دفاع نے وضاحت کی کہ اب تک کوئی ایئرپورٹ آؤٹ سورس نہیں کیا گیا، جواب پر چیئرمین نے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔