وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے ترکیہ کے برصا چیمبر کے وفد کی ملاقات

15

اسلام آباد۔ 10 دسمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے ترکیہ کے برصا چیمبر کے ایک وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات میں وفاقی وزیر نے ترک وفد کا خیرمقدم کیا اور باہمی تعاون کے فروغ پر بات چیت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین دفاع اور مواصلات کے شعبوں میں اشتراک اہمیت کا حامل ہے اور دونوں ملک مشکل وقت میں ایک دوسرے کے بہترین دوست ثابت ہوئے ہیں۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ہر پاکستانی اپنے ترک بھائی کے ساتھ کھڑا ہو گا۔ وفد کے شرکاء نے کہا کہ ترکیہ میں بھی “جیوے جیوے پاکستان” کا گانا گنگنایا جاتا ہے۔

ملاقات میں ایئروسپیس، فوڈ، آٹوموبیل اور مینوفیکچرنگ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وفاقی وزیر نے ترکیہ کے وفد کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ گذشتہ ڈیڑھ برس میں ترکیہ کے ساتھ تعلقات حوصلہ افزا رہے ہیں۔ ترکیہ کی کمپنیوں نے یورپ کی طرز پر پاکستان میں جوائنٹ وینچرز میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد کی جانب سے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو برصا کے دورے کی دعوت بھی دی گئی۔