صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ظفرالحق حجازی سے وفاقی ٹیکس محتسب کے عہدے کا حلف لے لیا

15

اسلام آباد۔16دسمبر  (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ظفرالحق حجازی سے وفاقی ٹیکس محتسب کے عہدے کا حلف لے لیا۔ ظفرالحق حجازی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اور انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان کے فیلو ممبر ہیں۔

منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ظفر الحق حجازی کو ٹیکسیشن، کارپوریٹ اور کیپٹل مارکیٹ ریگولیشن، آڈٹ اوور سائٹ، مالی نظم و نسق اور مشاورتی خدمات کے شعبوں میں چار دہائیوں سے زائد کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ اس سے قبل سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین اور آڈٹ اینڈ اوور سائٹ بورڈ آف پاکستان کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ حلف برداری کے بعد ظفر حجازی نے صدرِ مملکت سے ملاقات کی۔

اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لئے وفاقی ٹیکس محتسب کے کردار سے متعلق عوامی آگاہی بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے محتسب کو شکایات کے بروقت ازالے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی ہدایت کی۔صدرِ مملکت نے اس امر پر بھی زور دیا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کا دفتر متاثرہ شہریوں کو تیز رفتار اور بلا معاوضہ ریلیف فراہم کرے اور ملک بھر میں اپنی رسائی کو مزید وسعت دے۔