چیئرمین سی ڈی اے   کا ٹی چوک فلائی اوور منصوبے کا دورہ، مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا

19

اسلام آباد۔16دسمبر  (اے پی پی):چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا نے ممبر انجینئرنگ اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ ٹی چوک فلائی اوور منصوبے کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے منصوبے کے مختلف سیکشنز کا معائنہ بھی کیا۔دورے کے دوران متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو منصوبے پر اب تک ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔

 بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹی چوک فلائی اوور منصوبے کا ترقیاتی کام کامیابی کے ساتھ مقررہ مدت سے قبل ہی تکمیلی مراحل میں داخل ہو چکا ہے جبکہ منصوبے کو آپریشنل کرنے سے قبل فنشنگ ورک کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔بریفنگ کے مطابق منصوبے کے اطراف دیدہ زیب لینڈ اسکیپنگ اور ہارٹیکلچر کا کام تیزی سے جاری ہے، جبکہ منصوبے کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے مستقل بنیادوں پر جدید اور خوبصورت لائٹس نصب کرنے کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔ اس کے علاوہ منصوبے کے باضابطہ افتتاح کی تیاریاں بھی زور و شور سے جاری ہیں اور افتتاح کے فوراً بعد فلائی اوور کو عام ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے منصوبے کی مجموعی پیشرفت اور اعلیٰ معیار کے تعمیراتی کاموں پر اظہار اطمینان کیا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کو قبل از وقت مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ٹی چوک فلائی اوور منصوبے سے جڑواں شہروں کے شہریوں کے علاوہ لاہور اور پنجاب کے دیگر علاقوں سے دارالحکومت آنے والے مسافر بھی مستفید ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے جی ٹی روڈ کے ذریعے دارالحکومت اسلام آباد میں سگنل فری انٹری کی سہولت میسر آئے گی۔

محمد علی رندھاوا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی اور جدید انفراسٹرکچر کی ترقی سی ڈی اے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔