لاہور، 30دسمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں رنگ روڈ کی بیوٹیفکیشن اور اس کی مجموعی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف، چیئرمین رنگ روڈ اتھارٹی فیصل فرید اور ایف ڈبلیو او کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اڈہ پلاٹ اور رنگ روڈ انٹرچینجز پر جدید لائٹنگ نصب کی جائے گی جبکہ پولز کی پینٹنگ کے کام کو بھی فوری طور پر مکمل کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ رنگ روڈ پر رائیڈنگ کوالٹی بہتر بنانے کے لیے تمام چھوٹے بڑے گڑھوں کی فوری مرمت کی جائے اور خراب لین کو بحال کرنے میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے تاروں کی مرمت، اور رنگ روڈ کے داخلی و خارجی راستوں کو مزید خوبصورت بنانے کی بھی خصوصی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کے تعاون سے رنگ روڈ پر بڑے سائز کے پودے لگائے جائیں گے تاکہ شاہراہ کے قدرتی حسن میں اضافہ ہو۔ صوبائی وزیر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ رنگ روڈ اتھارٹی متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر عملی اقدامات تیز کرے تاکہ یہ منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق جلد از جلد پایۂ تکمیل تک پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ کو خوبصورت، دلکش اور جاذبِ نظر بنانے کے لیے جامع حکمتِ عملی پر عمل جاری ہے۔











