لاہور، 03دسمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے انڈس ہسپتال جوبلی ٹاؤن لاہور کا دورہ کیا، جہاں سی ای او لمز ڈاکٹر تسمان ابن رسا، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر لمز عزیز الرحمن اور سی ای او انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک نارتھ ڈاکٹر شفیق حیدر نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران ڈائریکٹر انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک میاں محمد احسن نے وزیر صحت خواجہ عمران نذیر اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے صوبے میں صحت کے شعبہ میں کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ صوبائی وزیر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات، بشمول ڈینگی وارڈ اور ایمرجنسی وارڈ، کا تفصیلی معائنہ کیا۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ انڈس ہسپتال کی جانب سے مریضوں کو بلا تفریق مفت طبی سہولیات کی فراہمی قابلِ ستائش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا وژن بھی صوبے بھر میں عوام کو مفت اور معیاری علاج کی فراہمی ہے۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر انڈس ہسپتال کے آپریٹنگ میکنزم کو قابل تقلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ جے سی آئی گائیڈ لائنز کے مطابق اسی طرز پر سرکاری ہسپتالوں میں معیاری صحت کی سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے ہسپتال میں طبی خدمات کی فراہمی میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے استعمال کی بھی تعریف کی۔ خواجہ عمران نذیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مریم نواز ٹیلی میڈیسن پروگرام میں بھی اے آئی کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل ذیابیطس ایجوکیشن پلیٹ فارم اور نیچرل میڈیسن کے شعبہ جات کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ پبلک سیکٹر ہسپتالوں میں نیچرل میڈیسن او پی ڈی قائم کرکے اس شعبہ کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ وزیر صحت نے فارمیسی کا خصوصی جائزہ لیا اور مریضوں سمیت ان کے لواحقین سے گفتگو بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف کی سیاست کا محور صرف عوام کی بہتری ہے، اور ان کے مخالفین بھی ان کے وژن کے معترف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شعبۂ صحت میں بہتری لائی جارہی ہے اور کوشش ہوگی کہ انڈس ہسپتال کے ساتھ تعاون وہیں سے دوبارہ شروع کیا جائے جہاں سے منقطع ہوا تھا۔ آخر میں انہوں نے متعلقہ حکام کو ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ مل کر جوائنٹ ورکنگ گروپ بنانے کی ہدایت جاری کی۔











