وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی غزالی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے فرینڈشپ سرکل میں شرکت

54

لاہور، 03 دسمبر (اے پی پی): وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے لبرٹی چوک میں غزالی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے فرینڈشپ سرکل میں شرکت کی اور خصوصی بچوں کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے انہیں پھول اور تحائف تقسیم کیے۔ وزیر تعلیم نے خصوصی بچوں کے مسائل سننے کے لیے کھلی کچہری بھی رکھی اور سائن لینگویج کے ذریعے بچوں سے بات چیت کی۔ وزیر تعلیم نے اس موقع پر دیگر خصوصی افراد سے بھی ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ غزالی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی خصوصی بچوں کی تعلیم کے لیے کاؤشیں قابل تحسین ہیں اور پنجاب حکومت ایسے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے جو بچوں کی تعلیم و بہبود میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ سپیشل بچے ہمیں ہر روز محبت اور شکر گزاری سکھاتے ہیں اور حکومت خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے پنجاب بھر میں سپیشل ایجوکیشن مراکز کی تعمیر نو کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب خصوصی طلباء کے لیے ہمت کارڈ بھی لا رہی ہیں اور ہر ضلعی سطح پر سنٹر آف ایکسیلنس فار سپیشل سٹوڈنٹس قائم کیے جائیں گے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے خصوصی بچوں کی تعلیم کے ساتھ غذائی منصوبہ بھی شروع کیا ہے تاکہ بچوں کی بہتر ذہنی اور جسمانی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سکولوں میں خصوصی بچوں کے لیے انکلوسو ایجوکیشن ماڈل پر بھی کام جاری ہے اور بچوں کی تعلیم و فلاح کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔