فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایشیا کپ جیتنے والی پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی ملاقات

19

راولپنڈی،23دسمبر  (اے پی پی):چیف آف ڈیفنس فورسز  و چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے ایشیا کپ انڈر 19 جیتنے کے تاریخی معرکے اور شاندار کارکردگی پر کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور حکام کو گرمجوشی سے مبارکباد دی۔ انہوں نے ٹیم کے نظم و ضبط، باہمی تعاون اور لڑنے کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ  اس کامیابی کو قوم کے لیے باعث فخر قرار دیا۔فیلڈ مارشل نے نوجوان کرکٹرز کی لگن اور سخت محنت کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ان کی یہ کامیابی پاکستان کے نوجوانوں میں چھپے بے پناہ ٹیلنٹ اور صلاحیتوں کی عکاس ہے۔

انہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ مستقبل میں بھی بہترین کارکردگی کے لیے کوشاں رہیں، پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار برقرار رکھیں اور میدان کے اندر اور باہر ملک کے بہترین سفیر کے طور پر خود کو پیش کریں۔فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کے مستقبل کی بنیاد ہیں جن کی توانائی، ٹیلنٹ اور کردار ہی قومی ترقی اور عالمی سطح پر پاکستان کے مقام کا تعین کرے گا۔

انہوں نے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں بااختیار بنانے کے اپنے غیر متزلزل یقین کا اظہار کیا تاکہ وہ نظم و ضبط، دیانت داری اور لگن کے ذریعے قومی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔انڈر 19 ٹیم کے ارکان نے فیلڈ مارشل کی جانب سے حوصلہ افزائی اور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کی جانب سے یہ پذیرائی ان کے لیے مزید محنت کرنے کا ایک بڑا محرک ثابت ہوگی۔