اقوامِ متحدہ، 23 دسمبر ( اے پی پی): اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے سوڈان کی صورتِ حال پر سلامتی کونسل کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کادوگلی میں تعینات یونائیسفا کے امن دستوں پر ہونے والے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے جبکہ شہید ہونے والے چھ امن اہلکاروں کے خاندانوں سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امن دستوں پر حملے ناقابلِ قبول ہیں اور جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے والوں کی شناخت کی جانی چاہیے اور انہیں جواب دہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سوڈان کا بحران مزید گہرا ہو رہا ہے جس کی سب سے بھاری قیمت عام شہری ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کادوگلی بھی ایسی خلاف ورزیوں کے لیے کوئی اجنبی علاقہ نہیں، رواں سال کے آغاز میں ہم نے آر ایس ایف کی جانب سے 60 امن اہلکاروں کے لرزہ خیز اغوا اور اقوامِ متحدہ کے اثاثوں اور ایندھن کے ٹرکوں پر قبضے جیسے واقعات دیکھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ سوڈانی حکومت کی جانب سے عبوری روڈ میپ کی تکمیل کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا خیرمقدم کرے۔











