قائداعظم کا 149 واں یومِ پیدائش: گورنر و وزیراعلیٰ سندھ کی مزارِ قائد پر حاضری، ملک کی ترقی و استحکام کے لیے دعائیں

10

کراچی۔ 25 دسمبر (اے پی پی): بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 149واں یوم پیدائش ملک بھر میں  روایتی جوش و جذبے کیساتھ منایا جارہا ہے ، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی کابینہ کے ہمراہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر مزارِ قائد پر حاضری دی۔ مزارِ قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔

اس موقع پر چیف سیکریٹری سندھ، آئی جی سندھ پولیس سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔ازا ں بعد دونوں شخصیات نے میڈیا سے گفتگو  کی جس میں انہوں نے  بانی پاکستان کو خراج عقیدت و تحسین  پیش کیا۔

 اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ وہ قائداعظم کی عظیم خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مزارِ قائد پر حاضر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کا یومِ پیدائش قومی یکجہتی، قربانی اور عزمِ نو کی یاد دلاتا ہے اور بابائے قوم کے سنہری اصولوں پر عمل کر کے پاکستان کو ایک مستحکم اور ترقی یافتہ ملک بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سن 2025 شہادتوں کی یاد بھی دلائے گا مگر یہ سال تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام فورسز نے ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے بے مثال قربانیاں اور شہادتیں پیش کیں، اور پاکستان نے بڑی طاقت کے مقابلے میں کامیابی حاصل کی جسے دنیا نے تسلیم کیا۔

 وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کے افکار اور اصول قوم کی رہنمائی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کا پیغام آج بھی اتنا ہی طاقتور ہے جتنا کہ آزادی کے وقت تھا، قائداعظم کی جدوجہد عوامی خدمت، انصاف اور قانون کی بالادستی کا سبق دیتی ہے، پاکستان کی ترقی کا راستہ انہی اصولوں پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے قائداعظم کے وژن کے مطابق ایک مضبوط، منصفانہ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کیا۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مزار قائد پر حاضری ایمانداری اور دیانتداری سے قوم کی خدمت کے عزم کی تجدید ہے۔

ڈی جی رینجرسندھ میجرجنرل محمد شمریز نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے مزار قائد پر حاضری دی فاتحہ خوانی کی   اور  میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے  قائداعظم کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔