لاہور میں انسداد پولیو مہم تیز، دو روز میں 8 لاکھ 71 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے

9

لاہور، 17 دسمبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں انسداد پولیو مہم کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مہم کی کارکردگی، کوریج اور فیلڈ انتظامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، سی ای او ہیلتھ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سی ای او ہیلتھ نے پولیو مہم کے دوسرے روز کے اعدادوشمار پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں گزشتہ دو روز کے دوران مجموعی طور پر 8 لاکھ 71 ہزار 976 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ اس موقع پر ڈبلیو ایچ او کے نمائندگان نے فیلڈ سٹاف اور سپروائزرز کی متحرک کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں پولیو ٹیموں کی سخت نگرانی اور حاضری کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ گھر پر موجود نہ ہونے والے بچوں کی شرح کو کم سے کم سطح پر لایا جائے اور انکاری والدین کو قائل کر کے بچوں کی ویکسی نیشن ہر صورت مکمل کروائی جائے۔ ڈی سی لاہور نے مزید ہدایت کی کہ تمام سرکاری و نجی سکولوں کے ساتھ ساتھ شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور ٹرانزٹ پوائنٹس پر بھی بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں تاکہ کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے زیرو پولیو مشن کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا کیونکہ پولیو کا خاتمہ ہمارا قومی فریضہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے اعدادوشمار کی درست اور شفاف رپورٹنگ کو مہم کی اصل کامیابی کی ضمانت قرار دیتے ہوئے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں اور اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں۔