لودھراں،01 دسمبر(اے پی پی): ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں انسداد پولیو مہم اور ڈینگی کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ لودھراں میں قومی انسداد پولیو مہم 15 سے 18 دسمبر تک جاری رہے گی، جس میں پانچ سال سے کم عمر 3 لاکھ 85 ہزار 27 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع کا کوئی بھی بچہ پولیو کے حفاظتی قطروں سے محروم نہیں رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے مزید ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کے پلان، ٹریننگ اور ضروری ضروریات پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ مہم کو کامیاب بنایا جاسکے۔ڈینگی کی صورتِ حال پر بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی گائیڈ لائنز پر مکمل عملدرآمد سے ڈینگی کا خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے سرکاری و نجی دفاتر میں ڈینگی ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے، مثبت سائٹس کی مانیٹرنگ اور مریضوں کے بہتر علاج معالجے کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر ریاض حسین نے پولیو اور ڈینگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ اے ڈی سی جی لیاقت علی گیلانی سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔











