لوک ورثہ اسلام آباد میں پاک،تاجک ثقافتی فیسٹیول ویک جاری

28

اسلام آباد،  20 دسمبر ( اے پی پی):لوک ورثہ اسلام آباد میں پاک–تاجک ثقافتی فیسٹیول ویک منایا جا رہا ہے جس میں حکومتی و سفارتی شخصیات، فنکاروں اور ثقافت سے وابستہ افراد نے شرکت کی، جبکہ فیسٹیول فیمیلیز کے لیے جاری ہے

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھیچی نے کہا کہ پاک–تاجک ثقافتی فیسٹیول دونوں برادر ممالک کی گہری دوستی اور تاریخی و ثقافتی رشتوں کی علامت ہے اور یہ فیسٹیول نئی نسل کے لیے ایک مثبت اور تعمیری پیغام ہے۔

 تاجک وزیرِ ثقافت نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان صرف جغرافیائی طور پر قریب نہیں بلکہ صدیوں پرانے روحانی، لسانی، تاریخی اور ثقافتی رشتوں میں بھی بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات اعلیٰ قیادت کی دانشمندانہ پالیسیوں کے تحت مسلسل فروغ پا رہے ہیں اور مختلف شعبوں میں تعاون اسٹریٹجک شراکت داری کی مضبوط مثال ہے۔

مشیر وزیراعظم برائے قومی ورثہ و ثقافت حذیفہ رحمان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے اس ثقافتی اقدام کو سراہا ہے اور ہدایت دی ہے کہ پاکستان سے ایک بڑا ثقافتی وفد تاجکستان بھیجا جائے تاکہ دو طرفہ ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ تقریب میں لوک موسیقی، رقص اور ثقافتی مظاہروں نے حاضرین کو مسحور کر دیا۔ فیسٹیول میں ایک طرف ہیں پاکستانی ہینڈی کرافٹس پاکستانی کھانوں کے سٹالز اور دوسری طرف ہیں تاجکستان کے کھانوں کے سٹالز جو لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں ۔ایک طرف پاکستانی فنکار اپنی لوک دھنوں پر رقص کر کے لوگوں کو محظوظ کر رہے ہیں تو دوسری طرف ہیں تاجکستان کے موسیقار اور رقاص جو اپنی دھنوں سے لوگوں کو نہ صرف متوجہ کر رہے ہیں بلکہ ان کا یہ فن پاکستان اور تاجکستان کے درمیان عوامی روابط بڑھانے کا ذریعہ بھی ہے۔ پاکستانی فوڈ سٹالز پر مل رہے ہیں چپل کباب، ثوبت بلوچی سجی، چپاتیاں، پشاوری قہوہ جبکہ تاجک سٹالز پر بن رہا ہے تاجکستان کا خاص پلاؤ وہاں کی روٹی اور وہاں کے  پکوان۔

فیسٹیول میں پاکستانی دستکاروں کے سٹالز بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں جہاں پر پاکستان کے تمام صوبوں سے ائے ہوئے دستکار لائیو اپنا کرافٹ بنا کر لوگوں کو دکھا رہے ہیں۔