معاشی اشاریے بہت بہترہو چکے ہیں ، ملک ترقی کی جانب رواں دواں ہے : وزیراعظم شہبا زشریف

15

اسلام آباد،13دسمبر  (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک معاشی بحران سے نکل چکاہے،ترقی کی جانب رواں دواں ہیں جبکہ معاشی اشاریے  بھی بہت  بہترہو چکے ہیں  ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز نیشنل ریگولیٹری ریفارمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہاکہ  ہماری حکومت نے  بہتر حکمت عملی سے چیلنجز کا مقابلہ کیااور ایک پوری ٹیم ورک کے ذریعے دن رات محنت کی۔انہوں نے کہاکہ آج الحمد اللہ  غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور ملک میں سرمایہ کاری میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ،پشاور سے لے کر کراچی تک معاشی سرگرمیاں جاری ہیں،غیر ملکی ادارے بھی ہماری مثبت پالیسوں کے معترف ہیں ،بہتر حکمت عملی کی بدولت آئی ایم ایف نے 1.2 بلین ڈالر کی قسط کی منظوری دے دی ہے ،جس سے آنے والے دنوں میں معاشی حالات مزید بہتر ہوں گے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں برسرروز گار کرنے کے لیے فنی وپیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کا ر لائے جارہے  اورآسان کاروبار سکیم سے ہزاروں نوجوان مستفید ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس فنی اور پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی سے نوجوانوں کو نہ صرف ملک بلکہ بیرون ممالک میں بھی روزگار کے مواقع میسر آئیں گے،جس سے ملک سے نہ صرف بیروزگاری کا خاتمہ ممکن ہو گا بلکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں سے مل کر ادارہ جاتی فرہم ورک کو بہتر کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے -تعلیم ،زراعت ،صنعت ،صحت،سمیت دیگر شعبوں میں اصلاحات کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عوام کے مسائل کا ادراک ہے جس کے لیے دن رات کوشاں ہیں ،ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر چکے  جبکہ مزید ٹارگٹس حاصل کرنے کے لیے تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں،معیشت کی پائیدار ترقی کے لئے  غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے،سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات،برطانیہ ،امریکہ سمیت دیگر دیگر ممالک سمیت مختلف سیکٹرز میں بہتری کے لیے بھرپورتعاون فراہم کر رہے ہیں،جلد ملک کو معاشی قوت بنائیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر نے کہا کہ حکومت مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرا رہی ہے، یہ صرف ایک پالیسی نہیں بلکہ ایک نئے باب کا آغاز ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی ریاست ہمیشہ جرات مند، سہولت فراہم کرنیوالی اور مستقبل پر نظر رکھنے والی ہوتی ہے،ترقیاتی ریاست شہریوں کو لال فیتے کے بجائے جدت ، مقابلہ ،تعمیر اور ترقی کے مواقع فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف واضع ویژن، انتھک محنت اور صلاحیت کو کارکردگی میں بدلنے کا پختہ عزم رکھتے ہیں، ان کی مدبرانہ قیادت میں ملکی ترقی کے اس سفر کو جاری رکھیں گے۔

برطانوی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی ترقی   بیرونیس چیپمین نے کہا کہ ریگولیٹری اصلاحات کے اجرا کی اس تقریب میں شرکت باعث اعزاز ہے،جو دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال اور سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک ہے، قدرتی وسائل سے بھر پور عالمی تجارتی راستوں کے مرکز پر ہونے کے باعث پاکستان توجہ کا مرکز ہے،دونوں ممالک آپس میں تجارتی روابط بڑھانے کے لیے پر عزم ہیں ۔

قبل ازیں وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے نیشنل ریگولیٹری  اصلاحات کا افتتاح کیا۔