ملتان 19 دسمبر )اے پی پی):ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کنویں میں گرنے نوجوان کی جان بچا لی، تفصیلات کے مطابق جمعہ کوسیتل ماری پل کے قریب توتن والا دربار کے پاس ایک نوجوان کنویں میں گر گیا، جسے ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمی حالت میں نکال لیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کالر کی اطلاع پر معلوم ہوا کہ 16 سالہ لڑکا 30 سے 35 فٹ گہرے کنویں میں جا گرا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی موٹر بائیک ایمبولنس، ایمبولنس اور دیگر ریسکیو وہیکلز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے کامیاب ریسکیو آپریشن کے ذریعے نوجوان کو کنویں سے باہر نکال لیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمی نوجوان کے سر پر کٹ کے زخم آئے ہیں۔متاثرہ نوجوان نے بیان دیا کہ ایک نامعلوم شخص نے نوکری کا جھانسہ دے کر اس سے پیسے چھینے اور بعد ازاں اسے کنویں میں دھکا دے دیا۔
واقعے کی اطلاع پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی، قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد زخمی نوجوان کو نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔











