ملتان: تین روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم کامیابی سے مکمل، 9 لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے گئے

27

ملتان،17دسمبر (اے پی پی): تین روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی، جس کے دوران پولیو کے آخری روز 9 لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا مقررہ ہدف حاصل کر لیا گیا۔

قومی پولیو مہم کے آخری روز ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور پولیو ٹیموں کی فیلڈ میں کارکردگی، ویکسین کی دستیابی، ٹیموں کی حاضری اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے پولیو ٹیموں کی اچانک انسپکشن بھی کی اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔

ڈپٹی کمشنر نے گلی محلوں میں جا کر شہریوں سے ملاقاتیں کیں اور والدین کو پولیو مہم کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے شہریوں کی جانب سے پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے تک ریاست چین سے نہیں بیٹھے گی۔

محمد نعمان صدیق نے مزید کہا کہ رہ جانے والے بچوں کو کور کرنے کے لیے فالو اپ مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ ہر صورت مقررہ ہدف مکمل کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں مؤثر مانیٹرنگ اور فیلڈ سپرویژن جاری رہی، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔