نشتر ہسپتال ملتان کے شعبہ حادثات میں جدید نیورولوجیکل کیئر یونٹ اور اسٹروک سنٹر کا افتتاح

38

ملتان،30دسمبر (اے پی پی): کمشنر ملتان عامر کریم خان نے نشتر ہسپتال کے شعبہ حادثات میں قائم کیے گئے جدید نیورولوجیکل کیئر یونٹ اور اسٹروک سنٹر کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر ہسپتال ڈاکٹر راؤ امجد اور دیگر سینئر ڈاکٹرز و افسران بھی موجود تھے۔کمشنر ملتان عامر کریم خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیورولوجیکل کیئر یونٹ کے قیام سے مین آئی سی یو پر دباؤ میں واضح کمی آئے گی جبکہ فالج اور دماغی چوٹ کے مریضوں کو فوری، مؤثر اور معیاری علاج میسر آ سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا طبی ادارہ ہے جہاں جدید سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ نیا قائم ہونے والا اسٹروک سنٹر دس بیڈز پر مشتمل ہے جہاں فالج اور دماغی چوٹ کے مریضوں کو ایمرجنسی بنیادوں پر جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس سنٹر میں بروقت تشخیص، جدید مانیٹرنگ اور فوری علاج کی سہولت دستیاب ہوگی جو مریضوں کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔کمشنر ملتان نے نشتر ہسپتال کے شعبہ انتہائی نگہداشت (آئی سی یو) کی توسیع اور اپ گریڈیشن کا بھی افتتاح کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپ گریڈ شدہ آئی سی یو میں جدید مانیٹرنگ سسٹمز، جدید طبی آلات اور بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی گئیں ہیں جو مریضوں کے بہتر علاج میں معاون ثابت ہوں گی۔اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے بتایا کہ نشتر ہسپتال میں گزشتہ سال فالج کے دس ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے تھے۔ نئے نیورولوجیکل کیئر یونٹ اور اسٹروک سینٹر کے قیام سے مریضوں کو بروقت علاج اور بہتر بحالی کی سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیورولوجی اور نیورو سرجری ڈیپارٹمنٹس کی مشترکہ سہولیات سے فالج اور دماغی چوٹ کے مریضوں کو جدید طبی نگہداشت فراہم کی جائے گی۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر ہسپتال ڈاکٹر راؤ امجد نے کہا کہ نشتر انتظامیہ اور نشتر ایلومینائی کے باہمی تعاون سے جدید طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہوئی ہے۔ نشتر ایلومینائی کی جانب سے جدید طبی آلات کا عطیہ صحت عامہ کے لیے قابلِ تقلید اقدام ہے۔کمشنر عامر کریم خان نے دونوں منصوبوں کو صحت عامہ کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات جنوبی پنجاب کے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کریں گے۔