ملتان،30دسمبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے فوکل پرسن عاصم محمود نے ملتان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ دورے کا مقصد شہر بھر میں جاری صفائی انتظامات کا جائزہ لینا اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت اقدامات کی مؤثر مانیٹرنگ کرنا تھا۔فوکل پرسن عاصم محمود اور ڈپٹی کمشنر نے گلی محلوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں کا دورہ کیا اور مختلف مقامات پر صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر صفائی عملے سے ملاقات بھی کی گئی جبکہ زون ٹو کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔عاصم محمود نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور صفائی کے معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور فیلڈ میں مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے اس موقع پر کہا کہ شہر میں مثالی صفائی کے قیام کے لیے سخت مانیٹرنگ پالیسی پر عمل درآمد جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کو بہتر بنا کر عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے گا۔











