وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کے زیر اہتمام سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس

11

اسلام آباد، 12 نومبر (اے پی پی):وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کے زیر اہتمام سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (CDWP) کا اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن احسن اقبال کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں قومی ترقی سے متعلق آٹھ اہم منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں 10.551 ارب روپے مالیت کے چار منصوبے منظور کیے گئے، جبکہ 256 ارب روپے کے چار بڑے منصوبے مزید کارروائی کے لیے ایگزیکٹو کمیٹی برائے قومی اقتصادی کونسل (ECNEC) کو بھیجنے کی سفارش کی گئی۔ اجلاس میں وفاقی و صوبائی محکموں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کا ایجنڈا تعلیم، صحت، توانائی، ٹرانسپورٹ، پانی کے وسائل اور علاقائی ترقی سمیت مختلف شعبوں سے متعلق منصوبوں پر مشتمل تھا۔

تعلیم کے شعبے میں “پرائم منسٹر پاکستان ایجوکیشن فنڈ” کے نظرثانی شدہ منصوبے کو ECNEC کو بھیجنے کی سفارش کی گئی۔ احسن اقبال نے اس منصوبے کا بنیادی مقصد نمایاں اور مستحق طلبہ کو اسکالرشپس اور قرضِ حسنہ فراہم کرنا قرار دیا۔ نیشنل کالج آف آرٹس لاہور میں گریجویٹ بلاک کی تعمیر کا منصوبہ بھی منظور کیا گیا۔

صحت کے شعبے میں راولپنڈی کے AFIC-NIHD کی توسیع کا منصوبہ سفارش کے ساتھ ECNEC کو بھیجنے کا فیصلہ ہوا، جبکہ پنجاب فیملی پلاننگ پروگرام کا نظرثانی شدہ منصوبہ منظور کر لیا گیا۔

ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن میں کراچی یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کو آگے بڑھانے کی سفارش کی گئی۔ وزیر منصوبہ بندی نے ہدایت کی کہ اس منصوبے کے مالیاتی پہلوؤں کا دوبارہ جائزہ لے کر ECNEC میں پیش کیا جائے۔

پانی کے وسائل کے شعبے میں پنجاب واٹر ریسورسز مینجمنٹ کے لیے تیاری کے منصوبے کو منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان و آزاد کشمیر کے لیے ہاؤسنگ کمیونٹی سپورٹ پروگرام اور پاور ڈویژن کے مواصلاتی اور SCADA System Upgradation کے منصوبے بھی منظور یا سفارش کے لیے پیش کیے گئے۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ قومی وسائل عوام کی امانت ہیں اور ترقیاتی فنڈز کا شفاف اور مؤثر استعمال یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔