وفاقی وزیر عمران شاہ کا بی آئی ایس پی سندھ ہیڈکوارٹر کا دورہ، کارکردگی کا جائزہ

9

کراچی۔ 12 دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے  تخفیف غربت  و سماجی تحفظ سید عمران علی شاہ نے  بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے سندھ ریجنل ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں خطے کی کارکردگی اور جاری اقدامات پر بریفنگ دی ۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی سندھ ریجن عدنان الحسن نے صوبے میں جاری پروگراموں، موجودہ پیش رفت اور مستحقین کے معاونتی نظام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر نے ڈی جی سندھ کو سروس ڈلیوری اور استفادہ کرنے والوں کی سہولت میں بہتری کے لیے ایک پائلٹ منصوبہ شروع کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے محدود وسائل کے باوجود علاقائی ٹیم کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے کمزور طبقات کی مالی مشکلات کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تخفیف غربت  کے لیے مالی امداد کے ساتھ ساتھ ہنر پر مبنی تربیت بھی ضروری ہے۔ خواتین میں بے پناہ صلاحیت ہے، بس انہیں مواقع اور مہارت فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ڈی جی سندھ نے بی آئی ایس پی کے تحت جاری مختلف اقدامات سے متعلق وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے طلبہ کی رہنمائی کے لیے کمیونٹی لیول پر آگاہی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے والدین سے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو بہتر مستقبل کے لیے اسکول بھیجیں۔

انہوں نے صوبائی سطح پر جدید سہولیات سے آراستہ ون ونڈو سینٹر قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، جہاں استفادہ کرنے والوں کو تمام سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا سکیں۔سید عمران علی شاہ نے کہا کہ صوبائی سطح پر ہونے والا کام اطمینان بخش اور قومی اہداف کے مطابق ہے۔انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اس وژن کا بھی ذکر کیا جس کے تحت بی آئی ایس پی مستحقین کے لیے ایک متحدہ ڈیجیٹل والیٹ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کی بدولت خواتین کو مالی امداد محفوظ طریقے سے اور بغیر قطاروں میں لگے مل سکے گی۔

وزیراعظم کے وژن کے مطابق ایک کروڑ سے زائد خاندانوں کے ڈیجیٹل اکانٹس کھولے جا رہے ہیں اور اب تک 25 فیصد کوریج ڈیجیٹل والیٹ سمز کی فراہمی کے ذریعے مکمل ہو چکی ہے۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ یہ سمز مفت فراہم کی جا رہی ہیں اور صرف بی آئی ایس پی دفاتر سے ہی جاری ہوں گی۔وفاقی وزیر نے ہنر مندی کے فروغ کے حکومتی عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ ہمیں پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالنا ہے، ہنر سیکھنے کے بعد ہمارا نوجوان ملک کا نام روشن کرے گا۔ دورے کا اختتام اس یقین دہانی پر ہوا کہ سندھ بھر میں بی آئی ایس پی کے دائرہ کار کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور مستحقین کے لیے معاونتی نظام کو بہتر کیا جائے گا۔