اسلام آباد، 19 دسمبر (اے پی پی ): وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے جمہوریہ تاجکستان کی وزیر ثقافت ستاریون متلوبخون امان زادہ نے جمعہ وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
وزیر اعظم نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی تعلقات کے تناظر میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے تاجک وزیر اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کا مشترکہ ورثہ عوام کے درمیان رابطوں اور ثقافتی تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کے جاری مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور ثقافت کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر تبادلہء خیال کیا۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کی شاندار روایات، فنون اور ورثے کو منانے کے لیے ایک تاریخی اقدام کے طور پر اس ہفتے اسلام آباد میں جاری پاکستان تاجکستان ثقافتی ہفتہ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تبادلے باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیں گے اور پاکستان اور تاجکستان کے عوام کے درمیان دوستی مزید مضبوط ہو گی۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے تاجکستان کے ساتھ تجارت، رابطے، توانائی اور ثقافت سمیت کثیر جہتی تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے صدر امام علی رحمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ اگلے سال پاکستان کے سرکاری دورہ کریں گے۔
تاجک وزیر ثقافت نے وزیراعظم کو صدر امام علی رحمان کی نیک خواہشات پہنچائیں اور پاکستان کی مہمان نوازی اور ثقافتی سفارت کاری کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے مشترکہ ثقافتی پروگراموں بشمول فنکاروں کے تبادلے، تہواروں اور نمائشوں کو بڑھانے میں تاجکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
تاجک صدر امام علی رحمان اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے درمیان یہ طے پایا تھا کہ پاکستان میں تاجکستان کا ثقافتی ہفتہ منایا جائے گا۔ اسی تناظر میں تاجکستان کے وزیر ثقافت پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں۔
ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات جناب عطاء اللہ تارڑ، وزیر قومی ورثہ و ثقافت جناب اورنگزیب کھچی، معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔











