اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی مالدیپ کے نائب صدر سے ملاقات

11

اسلام آباد، 19 دسمبر(اے پی پی ):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد نے جمہوریہ مالدیپ کے نائب صدر عز حسین محمد لطیف سے ایوانِ صدر، مالدیپ میں ملاقات کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پارلیمانی وفد، اسپیکر پیپلز مجلسِ مالدیپ عبدالرحیم عبداللہ کی خصوصی دعوت پر جمہوریہ مالدیپ کے سرکاری دورے پرہے

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نائب صدر، پیپلز مجلس اور حکومتِ مالدیپ کی جانب سے دی گئی پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پاکستان اور مالدیپ کے عوام کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات، باہمی احترام اور برادرانہ رشتوں کی عکاسی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی کے ہمراہ پارلیمانی وفد میں اراکینِ قومی اسمبلی صلاح الدین جونیجو، نوید عامر جیوا، محمود قادر خان، بلال فاروق تارڑ، محمد بلال بدر اور دانیال احمد شامل ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دیرینہ، قریبی اور خوشگوار تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات مشترکہ مذہب، اخوت اور عوامی روابط کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ اور پارلیمانی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ دوستی کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے سرحد پار سے دہشت گردی کو ایک سنگین علاقائی اور عالمی چیلنج قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سمیت کراس بارڈر دہشت گردی کا سامنا ہے، اور اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کی تمام اقسام کا مشترکہ علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کے ذریعے سدباب ناگزیر ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے دنیا کے مختلف خطوں میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا، خصوصاً فلسطینی عوام کی حالتِ زار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے خوراک اور طبی امداد کی غیرقانونی بندش کے باعث معصوم شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے فوری طور پر بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور شہریوں کی تکالیف کے خاتمے پر زور دیا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کو حقِ خودارادیت سے مسلسل محروم رکھنے کی مذمت کی اور کہا کہ بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35-A کی غیرقانونی منسوخی کے نتیجے میں کشمیری عوام علیحدہ قانونی شناخت اور حقِ ملکیتِ اراضی سے محروم ہو گئے ہیں، جو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے مذہبی، سماجی، سیاسی اور امتیازی سلوک پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے مذہبی، سماجی اور سیاسی عدم برداشت کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے بہار کے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار کے حالیہ افسوسناک واقعے کا ذکر کیا، جو عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ایسے اقدامات کی مذمت کے بجائے بعض سیاسی عناصر کی جانب سے حمایت کی گئی، جو اقلیتوں کے تحفظ، وقار اور بنیادی حقوق کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک مشترکہ عالمی چیلنج ہے اور پاکستان و مالدیپ اس کے منفی اثرات سے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے تدارک کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے اور علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

مالدیپ کے نائب صدر عز حسین محمد لطیف نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے سیاحت اور اعلیٰ تعلیم سمیت اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے وسیع امکانات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ عوامی روابط، تعلیمی تعاون اور ادارہ جاتی شراکت داری دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔