وزیراعظم شہباز شریف سے راست کے بورڈ ممبران کی  ملاقات

42

اسلام آباد، 18 دسمبر (اے پی پی): وزیراعظم نے راست کے بورڈ ممبران سے ملاقات کی اور انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ قومی اہمیت کے حامل اس ادارے کو مزید بہتر انداز میں چلایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کیش لیس معیشت اور مالی شمولیت  کے فروغ میں راست  کا کلیدی کردار ہے جبکہ ملک بھر کے کاروباری افراد کو راست  پلیٹ فارم کے استعمال کی ترغیب دینے کی کوششیں مزید تیز کی جائیں۔

اجلاس میں بورڈ ارکان کی جانب سے وزیراعظم کو راست  کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ راست کے اجراء سے اب تک تقریباً 80 کھرب روپے کی 3 ارب سے زائد ٹرانزیکشنز مکمل ہو چکی ہیں جبکہ راست کے صارفین کی تعداد 48 ملین سے تجاوز کر چکی ہے اور ملک بھر کے 53 مالیاتی ادارے راست  کا حصہ ہیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ راست اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا ادارہ ہے تاہم ایک ممبر کے علاوہ تمام بورڈ ممبران نجی شعبے سے وسیع تجربے کی بنیاد پر منتخب کیے گئے ہیں۔ ادارے کا وژن ملک بھر میں تمام جی ٹو بی  اور بی ٹو جی  ادائیگیوں کو راست پر منتقل کرنا ہے جبکہ راست  کے ذریعے ہر فرد کو محفوظ اور قابلِ اعتماد ڈیجیٹل ادائیگی کا پلیٹ فارم فراہم کیا گیا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک، راست  بورڈ کے ممبران، سی ای او اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔