الہدیٰ انٹرنیشنل سکول کی سالانہ تقریب، اسلامی اقدار اور کردار سازی پر مبنی طلباء کی پرفارمنس کا مظاہرہ پیش کیا گیا

12

اسلام آباد،  18دسمبر(اے پی پی): الہدیٰ انٹرنیشنل سکول کی  سالانہ تقریب میں اسلامی اقدار اور کردار سازی پر مبنی طلباء کی پرفارمنس کا مظاہرہ پیش کیا گیا۔تقریب میں ملائیشیا کے سفارت خانے کے ڈپٹی ہائی کمشنر محمد سیافک فردوس نے بھی شرکت کی۔

سالانہ تقریب کا انعقاد  محمد (صلی اللہ علیہ وسلم ) سے معرفت، محبت اور اطاعت کا سفر کے عنوان سے منعقد کیا گیا جس میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی، کردار اور تعلیمات پر روشنی ڈالی گئی۔

 طلباء نے سیرت نبویؐ  کے مختلف پہلوؤں پر مبنی ڈرامائی مناظر،  موضوعاتی پہلو اور مکالمے نہایت دلکش اور خوبصورت انداز میں پیش کیےجو سیرت ؐکے مختلف پہلوؤں کو دل چسپ اور تعلیمی انداز میں ظاہر کرتے ہیں۔

طلباء کی پرفارمنس کو ان کے پیغام کی وضاحت، اعتماد، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کے لیے بڑے پیمانے پر سراہا گیا۔

 اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے الہدا انٹرنیشنل اسکول کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ AIS نے کامیابی کے ساتھ ایک ایسا ماحول فراہم کیا ہے جہاں جدید تعلیم کو مستند اسلامی اقدار کے ساتھ ہم آہنگ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ AIS جیسے ادارے مضبوط اخلاقی کردار، بیداری اور احساس ذمہ داری پیدا کرکے آنے والی نسلوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

تقریب میں شریک دیگر مہمانوں نے بھی سکول کی فضیلت اور قدر پر مبنی تعلیم کے عزم کو سراہا۔

 انہوں نے ریمارکس دیئے کہ اس طرح کی تقریبات سے طلباء میں اخلاقی اقدار، احترام، ہمدردی اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی اور تعلیمات کے بارے میں گہرا ادراک پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے۔

 اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے الہدیٰ انٹرنیشنل سکول کے ڈائریکٹر نے ادارے کے وژن اور مشن کے بارے میں بتایا۔انہوں نے کہا کہ سالانہ دن کا مقصد طلباء کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا، اعتماد پیدا کرنا، اپنی تعلیم کو بامعنی طریقوں سے بروئے کار لانا، سیرتؐ اور اسلامی اقدار کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط کرنا تھا۔

 تقریب کا اختتام مہمانوں کے پرتپاک اور تعریفی کلمات کے ساتھ ہوا، جنہوں نے طلباء کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور ایک بامقصد اور متاثر کن پروگرام کے انعقاد پر اساتذہ اور اسکول انتظامیہ کی لگن کو سراہا۔