وزیراعظم شہباز شریف سے قومی اسمبلی کے اقلیتی ارکان کے وفد کی ملاقات

11

اسلام آباد، 18 دسمبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قومی اسمبلی کے اقلیتی ارکان کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک میں اقلیتوں کے حقوق، ان کی فلاح و بہبود اور قومی دھارے میں ان کے مؤثر کردار پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ اقلیتیں پاکستان کے سماجی اور معاشی تانے بانے کا اہم حصہ ہیں اور آئینِ پاکستان انہیں مکمل مذہبی آزادی، مساوی حقوق اور تحفظ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کی بہبود، ترقی اور تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

اقلیتی ارکان قومی اسمبلی نے اقلیتوں کی فلاح کے لیے حکومت کی کاوشوں کو سراہا اور وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اقلیتی برادری کو درپیش مسائل اور اپنی تجاویز سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے اقلیتی برادری کے مسائل کے حل اور ان کی شمولیت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وفد میں وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی، ڈاکٹر درشن، نیلسن عظیمش اصفہان بھنڈارا، محترمہ نیلم، سنجے پروانی، رمیش کمار، نوید عامر اور رامیش لعل شامل تھے۔